سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرصدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس

ایوان میں دو اہم بل بھی پیش ، لیگل ایڈ ترمیمی بل 2025 کے تحت ڈائریکٹر جنرل پراسیکیوشن کو لیگل ایڈ ایجنسی کے اختیارات تفویض،عطیات ترمیمی بل 2025منظور

پیر 8 ستمبر 2025 21:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں اپوزیشن اور حکومتی اراکین نے مختلف عوامی و انتظامی معاملات پر اظہار خیال کیا۔پیپلز پارٹی کے احمد کریم کنڈی نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 90 دن میں بلانے اور سال میں کم از کم چار اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کے مسائل کو نظرانداز کر رہی ہے، اس معاملے کو موثر طور پر اٹھانا ہوگا۔ اسپیکر نے معاملہ قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے سپرد کردیا۔حکومتی رکن شیر علی آفریدی نے سرکاری ویب سائٹس پر بروقت معلومات فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور آر ٹی آئی ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ایس او پیز بنانے کی سفارش کی، جے یو آئی کے اعجاز خان نے ایلیمنٹری ایجوکیشن فانڈیشن کے کنٹریکٹ اساتذہ کی تنخواہوں کے معاملے پر سوال اٹھایا، جس پر وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے یقین دہانی کرائی کہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسمبلی نے معاملہ قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے سپرد کردیا۔ سابق اسپیکر مشتاق غنی نے تحریکِ استحقاق پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اجلاس میں وزرا اور ایم پی ایز کو نظرانداز کیا گیا جس سے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔ چیف وہپ اکبر ایوب اور احمد کنڈی نے بھی اس معاملے پر سخت ردعمل دیا اور اسپیکر سے واضح رولنگ دینے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں عدنان وزیر نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ الفاظ استعمال کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور تجویز دی کہ معاملہ وفاقی حکومت اور ایف آئی اے کو بھیجا جائے تاکہ ملزم کو سزا دی جا سکے۔

ایوان میں دو اہم بل بھی پیش و منظور ہوئے۔ لیگل ایڈ ترمیمی بل 2025 کے تحت ڈائریکٹر جنرل پراسیکیوشن کو لیگل ایڈ ایجنسی کے اختیارات دیے گئے جبکہ عطیات ترمیمی بل 2025 منظور کرلیا گیا جس کے تحت خیراتی اداروں کے رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ کی مدت دو سال مقرر کی گئی۔ عوامی مسائل پر قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں ڈرائیونگ لائسنس کا اختیار محکمہ ٹرانسپورٹ سے واپس لے کر پولیس کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ تاخیر اور کرپشن کا خاتمہ ہو اور عوام کو ایک ہی دن میں سہولت فراہم کی جا سکے۔