معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ کی ثابت قدمی اور بحری سرحدوں کا ناقابل تسخیر دفاع ہمارے تابناک ماضی کا تسلسل ہے، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف

پیر 8 ستمبر 2025 22:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) پاک بحریہ میں یوم بحریہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور آپریشنل مہارت کے شاندار مظاہرے کے ساتھ منایا گیا۔پیر کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق یوم بحریہ کا آغاز قرآن خوانی اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائوں سے ہوا۔ دیگر تقریبات میں تقریری اور ملی نغموں کے مقابلے، میراتھن ، کشتی ریلی اور شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کا اہتمام شامل تھا۔

(جاری ہے)

پی این ایس قاسم، منوڑہ میں بحری انسداد دہشت گردی کی شاندار مشق کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اس مشق میں مختلف آپریشنل منظر ناموں میں پاک بحریہ کی مکمل تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔تقریب میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، شہداء کے اہل خانہ اور غازیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے یوم بحریہ پر اپنے پیغام میں کہاکہ 8 ستمبر کا دن ان سرفروشوں کے تاریخی حوصلوں کا مظہر ہے جو سمندری محاذ پر ثابت قدم رہے ۔معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ کی ثابت قدمی اور بحری سرحدوں کا ناقابل تسخیر دفاع ہمارے تابناک ماضی کا تسلسل ہے۔