ٹریڈنگ کارپوریشن نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کیلئے ٹینڈر کھول دیئے

منگل 9 ستمبر 2025 13:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے ٹینڈر کھول دیئے۔ٹینڈر کھولنے کی تقریب میں پانچ کمپنیوں کے نمائندے موجود تھے، جبکہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے نمائندے نے بھی شرکت کی۔ جنرل منیجر ٹی سی پی شیراز علی شہزاد نے تمام فریقین کے سامنے ٹینڈر کھولے۔

(جاری ہے)

حکومت نے چینی کی طلب پوری کرنے اور قیمتوں میں استحکام کے لیے ایک لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اس سے قبل اکیس اگست کو دو لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے بھی ٹینڈر کھولے گئے تھے۔ حکومت نے ٹی سی پی کے ذریعے سرکاری سطح پر چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی مقصد کے لیے مزید ایک لاکھ ٹن چینی کی درآمد کے لیے بولیاں طلب کی گئی ہیں۔