مشرقی لبنان پر اسرائیلی بمباری، پانچ لبنانی ہلاک

بمباری کا مقصد حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا تھا،اسرائیلی فوج

منگل 9 ستمبر 2025 13:27

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)لبنان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ پیر کے روز ہونے والی اسرائیلی بمباری سے پانچ لبنانی شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ بمباری مشرقی لبنان میں کی گئی ہے۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ بمباری کا مقصد حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا تھا ۔اسرائیل اور لبنان کے درمیان پچھلے سال 27 نومبر کو باضابطہ جنگ بندی معاہدہ ہو ا تھا۔

جس کے نتیجے میں اسرائیل کے خلاف حزب اللہ نے جنگی کارروائیاں روک دی تھیں۔

(جاری ہے)

تاہم اب بھی تنا کی صورتیں باقی ہیں۔اسرائیلی ریاست کی فوج نے جنوبی لبنان میں لگ بھگ پانچ پوزیشنوں پر جنگ بندی کے بعد بھی قبضہ جاری رکھا ہوا ہے۔ نیز یہ کہ جب چاہے بیروت سمیت کسی بھی لبنانی علاقے پر بمباری کر دیتی ہے۔ جیسا کہ مشرقی لبنان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔غزہ کے علاوہ لبنان اور شام بھی اب اسرائیلی فوج کے بار بار بمباری کا نشانہ بننے والے ملک بن چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے مشرقی ہرمل کے علاقے میں سات بار بمباری کی گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق اس بمباری کے نتیجے میں 5 لوگ ہلاک اور مزید کئی زخمی ہوگئے ۔