Live Updates

مظفرگڑھ میں سیلاب متاثرین کی مدد جاری، پاک فوج اور سول ادارے فرنٹ لائن پر سرگرم

منگل 9 ستمبر 2025 22:41

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء)مظفرگڑھ اور گرد و نواح کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور سول ادارے پوری مستعدی کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔ حالیہ بارشوں اور دریائی پانی کی طغیانی کے باعث متاثرہ آبادی کو ریسکیو کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر ہزاروں افراد اور ان کے مویشیوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے، جبکہ آرمی میڈیکل اور ریلیف کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو ادویات، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں مقامی افراد نے پاک فوج اور دیگر ریسکیو اداروں کی بروقت کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

کئی دیہاتیوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج کی موجودگی اٴْن کے لیے ایک مضبوط سہارا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ریلیف آپریشن کے دوران طبی ٹیمیں بیماریوں سے بچاؤ اور فوری طبی امداد فراہم کر رہی ہیں ، جبکہ اشیائے خوردونوش اور پینے کے صاف پانی کی تقسیم بھی باقاعدگی سے جاری ہے۔ ریسکیو اداروں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جب تک متاثرین مکمل طور پر محفوظ نہ ہو جائیں، ریلیف سرگرمیاں بغیر کسی تعطل کے جاری رہیں گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات