ستمبر کو سردار عطا اللہ مینگل کی برسی کے موقع پر ہونے والے خودکش حملے نے پورے بلوچستان کو لرزا کر رکھ دیا، جے ڈبلیو پی

منگل 9 ستمبر 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء) جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 2 ستمبر کو سردار عطا اللہ مینگل کی برسی کے موقع پر ہونے والے خودکش حملے نے پورے بلوچستان کو لرزا کر رکھ دیا۔ اس المناک سانحے میں درجنوں معصوم سیاسی کارکن شہید اور بے شمار زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ نہ صرف ایک جماعت یا چند افراد پر حملہ تھا بلکہ پورے بلوچستان کے عوام اور ان کی سیاسی جدوجہد کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بزدلانہ اور انسانیت سوز حملے کے خلاف 8 ستمبر کو بلوچستان بھر میں جو تاریخی شٹر ڈان اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی، وہ دراصل بلوچستان کے عوام کا ایک ریفرنڈم تھا۔ عوام نے واضح پیغام دیا کہ وہ نام نہاد فارم 47 حکومت کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

یہ حکومت بلوچستان کے عوام کی خیرخواہ نہیں بلکہ ان پر زبردستی مسلط کی گئی ہے۔

جمہوری وطن پارٹی کا مقف ہے کہ بلوچستان کے عوام نے اپنے خون اور قربانیوں سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ صرف اپنے ووٹ اور اپنی رائے سے منتخب حکومت کو ہی قبول کریں گے۔ لیکن جس طرح فارم 47 کے ذریعے عوام کے مینڈیٹ کو چرایا گیا اور بلوچستان پر ایک جعلی اور مسلط حکومت تھوپی گئی، وہ ہی دراصل آج کی بربادیوں اور بدامنی کی اصل وجہ ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بلوچستان کے عوام کے جذبات اور قربانیوں کو نظرانداز کرنا خطرناک کھیل ہے۔

آج بلوچستان جس آگ اور خون کے دریا سے گزر رہا ہے، اس کی واحد ذمہ دار وہ قوتیں ہیں جنہوں نے عوامی رائے کو کچل کر مسلط شدہ حکومت بنائی۔جمہوری وطن پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ بلوچستان کے عوام کو ان کا اصل جمہوری حق دیا جائے، فارم 47 کی پیداوار جعلی حکومت کو فی الفور ختم کیا جائے اور عوام کے ووٹوں کی امانت ان کو واپس کی جائے۔ بصورت دیگر بلوچستان کے عوام مزید ناانصافی اور جبر برداشت نہیں کریں گے۔