ٹی ایم سیز کی ریٹائر ملازمین پنشن ملنے کے انتظار میں قبرستان کا رخ کرنے لگے

ایک ماہ کے دوران موڑرو میر بحر ٹاؤن کی ٹیچر ثریا بی بی کے بعد فرزانہ انصاری بھی خالق حقیقی سے جاملیں,رہنماؤں کا اظہار افسوس

منگل 9 ستمبر 2025 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء))ٹی ایم سیز کے 2023 سے ریٹائرووفات یافتہ ملازمین کو کے ایم سی کے نادر شاہی احکامات کے بعد پینشن کی ادائیگی نہ ہونے پر عدالت عالیہ کے 12 مارچ 2025 کے احکامات کے باوجود کے ایم سی محکمہ فنانس سندھ کے فنڈز جاری نہ کرنے کی آڑمیں 2 ہزار ٹی ایم سیز ریٹائر ملازمین کو پینشن دینے میں حیلے بہانوں سے کام لے رہی ہے۔

توہین عدالت کیس میں بھی کے ایم سی کے وکیل نے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ جس کا 19 ستمبر کو ریٹائر ملازمین منہ توڑ جواب دیں گے۔ موڑرو میر بحر ٹاون کی انتظامیہ نے فرعونیت کی انتہا کردی ہے ابھی اپنے ریٹاِر ملازمین کو لیو انکیشمنٹ تک کی ادائیگی نہیں کی۔ یہی وجہ ہے کہ ایک ماہ کے دوران موڑرو میر بحرٹاؤن کی دو ریٹائرڈ ٹیچرز پہلے ثریا بی بی اور اب ٹیچر فرزانہ انصاری ذہنی دباؤ کا شکار ہوکر انتقال کرگئیں۔

(جاری ہے)

ان اموات کا زمہ دار کون ہی یونینز رہنماؤں سید ذوالفقارشاہ، حبیب الرحمن، گل اسلام، جاوید بلوچ، اشرف اعوان، ڈاکٹر سعید اختر، راجہ عاصم شہزاد، عباس احمد، ریحان قاضی اور دیگر نے موڑرو میر بحر ٹاون کی دو ٹیچرز ثریا بی بی، فرزانہ انصاری کے پینشن اور لیو انکیشمنٹ 2023 سے نہ ملنے پر ذہنی دباؤ کا شکار ہوکر انتقال کر جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹی ایم سیز کے ریٹائر ملازمین کو پینشن کی ادائیگی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔