پولینڈ کا بیلاروس کے ساتھ سرحد بند کرنے کا اعلان

بدھ 10 ستمبر 2025 08:40

وارسا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) پولینڈ نے قومی سلامتی کے پیش نظر بیلاروس کے ساتھ اپنی سرحد مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔شنہوا کے مطابق یہ اقدام جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سے نافذ العمل ہوگا۔پولش وزیرِاعظم ڈونالڈ ٹسک نےایک حکومتی اجلاس سے قبل اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے نقطۂ نظر سے، ہم بیلاروس کے ساتھ سرحد بند کر رہے ہیں، اس میں ریلوے کراسنگز بھی شامل ہوں گی۔

(جاری ہے)

مزید کہا گیا کہ یہ بندش تمام سرحدی گزرگاہوں پر لاگو ہوگی، خصوصاً ریلوے راستوں پر کی گئی ہے ۔ اس فیصلے کے ردعمل میں، بیلاروس نے پولینڈ کے اس اقدام پر شدید احتجاج کیا ہے، جو کہ روس۔بیلاروس کی مشترکہ فوجی مشق "زاپاد-2025" کے دوران سامنے آیا ہے۔ بیلاروسی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ پولینڈ کے قائم مقام سفیر کرزیشٹوف اوزانّا کو منسک طلب کر کے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ہے۔بیلاروس کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پولینڈ کا یہ یکطرفہ اقدام یورپی یونین-بیلاروس سرحد پر انسانی اور تجارتی نقل و حرکت کو شدید متاثر کرے گا۔