کورنگی کازوے، کورنگی کراسنگ اور گلشن حدید لنک روڈ حیدرآباد کو بند کردیا گیا

بدھ 10 ستمبر 2025 11:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)کورنگی کاز وے ندی، کورنگی کراسنگ ملیر ندی اور گلشن حدید لنک روڈ حیدر آباد جانے والا ٹریک زیادہ پانی آنے کے باعث ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کورنگی کاز وے ندی میں زیادہ پانی آنے کی وجہ سے کورنگی گودام چورنگی سے محمود آباد جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بند کر کے عملے کو تعینات کر دیا گیا جبکہ ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کو متبادل راستوں گودام چورنگی سے جام صادق پل کی جانب اور محمود آباد سے ایکسپریس وے قیوم آباد کی جانب سے بھیج رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق بمقام کورنگی ندی قیوم آباد جانب کورنگی کراسنگ روڈ کو زیادہ پانی آنے کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور ٹریفک کو متبادل راستوں قیوم آباد سے گودام چورنگی کی طرف اور سی این جی کٹ سے گودام چورنگی کی جانب بھیج رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ملیر ندی میں طغیانی آنے کے باعث ٹریفک پولیس نے گلشن حدید نیشنل ہائی وے لنک روڈ سے حیدر آباد جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا، بند کیے جانے والا لنک روڈ نیشنل ہائی وے کو سپر ہائی سے ملاتا ہے، راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم ٹریفک پولیس نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا۔