فیصل آباد،کاشتکاروں کو ٹماٹر کی منظور شدہ دیسی اقسام کاشت کرنے کی ہدایت

بدھ 10 ستمبر 2025 13:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ٹماٹر کی منظور شدہ دیسی اقسام کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد نے کہا ہے کہ کاشتکار ٹماٹر کی منظور شدہ دیسی اقسام روما، نگینہ، پاکٹ اور نقیب جبکہ دوغلی اقسام منی میکر، جیوری، یوکی، ٹی 1359،ایڈن ایف 1،ریڈ چیمپین، ڈومی نیٹر اور فونٹو کی کاشت کریں جو بہترین پیداواری صلاحیت کی حامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں گزشتہ سال 18201 ایکڑ رقبہ پر ٹماٹر کاشت کرکے 96269 ٹن پیداوار حاصل کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ٹماٹرکی نفع بخش کاشت میں اس کی مناسب وقت پر کاشت،جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی، نقصان رساں کیڑوں اور نقصان رساں بیماریوں کا کنٹرول زیادہ اہم ہیں اور چونکہ ٹماٹر کی کاشت کا آب وہوا سے گہرا تعلق ہے اوریہ زیادہ گرمی یا سردی برداشت نہیں کرسکتااس لئے ٹماٹر کے پودے 14سے 30ڈگری سینٹی گریڈ پر بہتر نشوونما پاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی دوغلی اقسام زیادہ پیداواری صلاحیت اور لوکل مارکیٹ کے لئے زیاد ہ موزوں ہونے کے باعث کاشتکاروں میں بہت زیادہ مقبول ہیں۔انہوں نے بتایاکہ وسطی پنجاب میں ٹماٹر کی پنیری اکتوبرتا وسط نومبر میں کاشت اور آخر اپریل سے وسط جون تک پیداواردیتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ٹماٹر کی تیارکردہ پنیری کو آخر نومبر سے وسط دسمبر تک کھیت میں منتقل کریں اورایک ایکڑ رقبہ پر ٹماٹر کی کاشت کے لئے 100گرام سے 125گرام بیج اور 4مرلہ زمین پر تیار کی گئی پنیری استعمال کریں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار پنیری کاشت کرنے کے لئے زمین کو اچھی طرح تیار کریں اور چھوٹی چھوٹی مستطیل نما کیاریاں بنائیں جو زمین سے 10 سے 15سینٹی میٹر اونچی ہونی چاہئیں تاکہ بارشوں کا اضافی پانی آسانی سے نکل سکے۔انہوں نے کہاکہ ان کیاریوں میں ایک انچ کے فاصلے پر ایک سے ڈیڑھ انچ گہری لائنیں لگا کر ان میں ٹماٹر کے بیج کاشت کریں اوران بیجوں کے اوپر پتوں کی گلی سڑی کھاد ڈال دیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار نرسری پر نقصان رساں کیڑوں اور بیماریوں کے حملہ کی صورت میں محکمہ زراعت توسیع وپیسٹ وارننگ کے عملہ کے مشورے سے زہروں کا استعمال کریں۔