اخباری دنیا کا ایک اور چمکتا ستارہ غروب ہو گیا، سید ممتاز ہمدانی سابق نیوز ایڈیٹر روزنامہ محاسب چل بسے

بدھ 10 ستمبر 2025 16:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)اخباری دنیا کا ایک اور چمکتا ستارہ غروب ہو گیا، سید ممتاز ہمدانی سابق نیوز ایڈیٹر روزنامہ محاسب چل بسے۔ان کی نماز جنازہ آبائی گاؤں سنگڑی سیداں میں ادا کر کے سیکڑوں سوگواران کی موجودگی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔سید ممتاز ہمدانی نے 1998میں محاسب کا ڈیسک سنبھالا تھا۔زلزلہ 2005میں بھی انتہائی نامساعد حالات کے باوجود اخبار کی اشاعت کو یقینی بنایے رکھا۔

2005 سے قبل اخبارات اور پرنٹ میڈیا کو بہت اہمیت حاصل تھی، سید ممتاز ہمدانی جیسے وفا شعار اور مخلص شخص کی دستیابی کی وجہ سے محاسب اخبار ریاست کا مقبول ترین اخبار بنا۔انتہائی شریف النفس،ہنس مکھ، شریں زبان اور خوش اخلاقی آپ کی پہچان تھی۔تمام مکاتب فکر خاص کر سیاسی سماجی مذہبی تجارتی تنظیموں کے وہ کارکنان جن کی کہیں رسائی نہ ہوتی آپ ان کے لیے سایہ شجر دار کی طرح تھے،صحافتی میدان میں قسمت آزمائی کرنے والوں کو جس طرح آپ نے راستے فراہم کیے وہ رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ہٹیاں بالا جہلم ویلی میں آپ کی دو ہمشیرہ رہائش پذیر ہیں۔آپ ضلع جہلم ویلی کی ایک توانا آواز کہلاتے تھے۔سابق صدر مرکزی ایوان صحافت سید آفاق حسین شاہ کے قیمتی اور بااعتماد ساتھیوں میں ممتاز ہمدانی، طاہر فاروقی،جہانگیر اعوان،عنصر خواجہ۔مشتاق کیانی،ظہیر نقوی،اکمل راجہ، سردار ابو بکر صدیق،ازکار نقوی شامل ہیں۔ ممتاز ہمدانی تقریباً سات سال قبل بیمار ہوگئے تھے، ان کی آنکھوں کی بینائی چلی گئی تو انہوں نے اخبار چھوڑ دیا تھا،آپ بڑے بلند حوصلے ہمت والے انسان تھے، موذی مرض لاحق ہونے کے باجود آپ کے منہ سے ناشکری کے الفاظ ادا نہیں ہوئے۔

اخبار فروش تنظیم کے عہدہ داران و ممبران راجہ واجد علی،سید عاشق حسین شاہ،راجہ ماجد،لیاقت بشیر فاروقی،عمران عباسی،اظہر چوہدری،میر نذیر،انجم چوہدری،حشمت چوہدری،ریاض میر سمیت اخبار بینی سے متعلقہ مختلف مکاتب فکر نے ممتاز ہمدانی کی وفات پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکی بلندی درجات اور مغفرت کے لیے دعا کرتے ہوئے سوگواران خاندان کے علاؤہ روزنامہ محاسب کے زمہ دران سے اظہار تعزیت کیا ہے،اللہ پاک مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت الفردوس میں مقام عیلین عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :