خیبرپختونخوا میں اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات کی بہتری کے لیے 100 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری

بدھ 10 ستمبر 2025 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی منظوری اور فوکل پرسن برائے اقلیتی اُمور وزیرزادہ کی بھرپور کاوشوں کے نتیجے میں صوبے میں اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس ضمن میں محکمہ اوقاف و مذہبی اُمور نے صوبے کے مختلف اضلاع میں واقع اقلیتی برادری کے شمشان گھاٹ اور قبرستانوں کے گرد چاردیواری کی تعمیر کے لیے 100 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ اوقاف و مذہبی اُمور کی جانب سے متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئرز کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ ان منصوبوں کے لیے پی سی۔ون (PC-I) جلد از جلد تیار کریں تاکہ ان منصوبوں کی بروقت منظوری اور فنڈز کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا کے فوکل پرسن برائے اقلیتی اُمور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر اقلیتی برادری کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے مذہبی مقامات کے احترام اور ان کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہیں۔