کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی کا معروف معالج ڈاکٹر مفکر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار

جمعرات 11 ستمبر 2025 13:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے پیما ہسپتال مظفر آباد کے سابق میڈیکل آفیسر، معروف معالج اور خدمت خلق کو زندگی کا نصب العین بنانے والے ڈاکٹر مفکر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ مرحوم کی رحلت سے اہل کشمیر ایک بے لوث، مخلص اور درد دل رکھنے والی شخصیت سے محروم ہوگئے ہیں جن کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔

غلام محمد صفی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر مفکر مرحوم نے نہ صرف مظفر آباد اور اہل کشمیر کی خدمت کو اپنا شعار بنایا بلکہ انہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی لمحات انسانیت کی خدمت، غریب اور ضرورت مند مریضوں کی دیکھ بھال اور معاشرے کی بہتری کے لئے وقف کیے۔

(جاری ہے)

ان کا کردار محض ایک معالج کا نہیں بلکہ ایک ایسے سماجی رہنما کا بھی تھا جس نے انسانیت کی فلاح کو اپنی ذمہ داری سمجھا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مفکر مرحوم کی خدمات صرف طبی میدان تک محدود نہ رہیں بلکہ انہوں نے جہاد افغانستان میں عملی کردار ادا کیا اور جہاد کشمیر میں اشاعتی محاذ پر نمایاں خدمات انجام دیں۔ وہ بلاشبہ ان شخصیات میں شامل تھے جنہوں نے اپنے قلم، فکر اور عمل کے ذریعے نوجوانوں کے اذہان کو بیدار کیا اور تحریک آزادی کو فکری بنیادیں فراہم کیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر نے کہا کہ مرحوم کی جدوجہد اور ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ ایسے عظیم انسانوں کا خلوص اور جذبہ قربانی، ہماری تحریک آزادی کشمیر کے لئے سرمایہ افتخار ہے۔ غلام محمد صفی نے مرحوم کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور احباب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ ترین مقام، جنت الفردوس میں ارفع درجات عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ عظیم صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔