رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک اچکزئی کا ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) بلوچستان اسمبلی کے رکن انجینئر زمرک خان آچکزئی، ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی، مرکزی رہنما ملک عثمان خان کاکوزئی ڈی سی سپرنٹنڈنٹ جعفرترین محب اللہ آچکزئی اصغر باچا خان حاجی ابراہیم ماما مبین خان سلمان خان مسعودخان اچکزئی نے آج نئے تعمیر شدہ ڈی ایچ کیو ہسپتال قلعہ عبداللہ (بمقام جنگل پیر علیزئی)کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یونس بازئی نے وفد کو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، سہولیات اور تکمیل کی موجودہ صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔انجینئر زمرک خان آچکزئی اور ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی نے کہا کہ ہسپتال اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور اسے جلد از جلد فعال بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس منصوبے کو علاقے کے عوام کے لیے صحت کے شعبے میں ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کو مکمل سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، تاکہ عوام کو بلا تعطل علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ خود اس منصوبے کی نگرانی کریں گے، اور یہ ہسپتال جدید طبی سہولیات سے آراستہ ایک مثالی ادارہ ہوگا۔ انجینئر زمرک خان آچکزئی نے مزید کہا کہ جلد از جلد اس نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا جو قلعہ عبداللہ کے عوام کے لیے صحت کی سہولتوں کے میدان میں ایک تاریخی پیش رفت ثابت ہوگا۔