Live Updates

الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں‘ضیاء الدین انصاری

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام سیلاب متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس سید مودودی اسلامک سنٹر، لٹن روڈ لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔اجلاس میں جماعت اسلامی غربی لاہور کے ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی، جن میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امیر خالد احمد بٹ، ڈپٹی سیکرٹریز عبدالعزیز عابد، عامر نثار خان، قیصر شریف، شاہد نوید، احمد سلمان بلوچ، غلام حسین بلوچ، چوہدری عبدالقیوم گجر، منظور وٹو اور دیگر ذمہ داران شامل تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن مل کر سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں اور لاہور میں قائم خیمہ بستیوں میں متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے پکا پکایا کھانا، ادویات، بستر، بچوں کے لیے دودھ اور تعلیم کے لیے خیمہ بستی اسکول سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ متاثرین کو جلد از جلد معمول کی زندگی کی طرف واپس لایا جا سکے۔

امیر جماعت اسلامی لاہور نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کے تمام طبقے خصوصاً اہل خیر افراد سیلاب متاثرین کی امداد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ ایک قومی فریضہ ادا کیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات