چکوال، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد قتل

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:23

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء) قصبہ چھوئی جندران تھانہ کلر کہار کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد کو قتل کردیاگیا۔ریسکیو1122کو اطلاع ملی ایک موٹر سائیکل سوار کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم چکوال نے سب اسٹیشن کلر کہار سے ایمبولینس جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دی اور ساتھ ہی مقامی پولیس کو بھی آگاہ کر دیا۔

ریسکیو 1122 ٹیم نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے جائے حادثہ پر پہنچ کر سین اسیسمنٹ کی، جس میں معلوم ہوا کہ متاثرہ شخص کو سر میں گولی لگی ہے اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو چکا ہے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 60 سالہ خورشید کے نام سے ہوئی جو گاؤں چھوئی کا رہائشی تھا۔

(جاری ہے)

اسی دوران ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو ایک اور کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ کھنڈوعہ سے کچھ فاصلے پر ایک اور زخمی شخص موجود ہے۔

ریسکیو ٹیم نے فوری رسپانس کیا اور آن لوکیشن مریض کی حالت کو جانچا، تاہم متاثرہ شخص گولی لگنے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔ اس کی شناخت 60 سالہ اسحاق کے نام سے ہوئی جو کہ گاؤں چھوئی کا رہائشی تھا۔چھوئی جندراں علاقہ تھانہ کلر کہار میں دوہرے قتل کے واقعہ پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال نے فوری نوٹس لیا۔ایس پی انوسٹیگیشن چکوال ،ایس ڈی پی او صدر سرکل چکوال اور ایس ایچ او تھانہ کلرکہار ہمراہ فورس موقعہ پر پہنچ گئے ہیں اور علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ PFSA اور کرائم سین یونٹ کو بھی موقعہ پر بلوا لیا گیا ہے جو شواہد اکھٹے کریں گے۔ پولیس کی کارروائی کے بعدریسکیو 1122 نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے ٹراما سینٹر کلر کہار منتقل کر دیا۔