سیکرٹری محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد بختیار خان نے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 92․2 پشاور کا تفصیلی دورہ کیا۔

جمعرات 11 ستمبر 2025 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)سیکرٹری اطلاعات نے نیوز، پروڈکشن، اکاؤنٹس اور دیگر تکنیکی و انتظامی شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ اطلاعات کے کریٹو وِنگ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر دانش بابر، پروڈیوسر جنیدعلی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔پختونخوا ریڈیو پشاور کے سٹیشن ڈائریکٹر ہارون خان داؤدزئی نے سیکرٹری انفارمیشن ڈاکٹر بختیارخان کو ریڈیو کی تاریخ، کارکردگی اور نشریاتی خدمات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پختونخوا ریڈیو 2009 میں قائم ہوا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پختونخوا ریڈیو عوامی خدمت کے جذبے کے تحت تعلیمی، ادبی، ثقافتی، سماجی آگہی، کرنٹ افئرز، تفریحی اور دستاویزی پروگرامز کے ساتھ ساتھ ڈرامے اور فیچرز بھی نشر کر رہا ہے، جنہیں عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پختونخوا ریڈیو کی نشریات کی لائیو سٹریمنگ باقاعدگی سے جاری ہیں جبکہ اس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز خصوصاً فیس بک پیج کے فالوورز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے ریڈیو کے دائرہ اثر میں مزید وسعت آئی ہے۔

سیکرٹری اطلاعات بختیار خان نے ریڈیو کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پختونخوا ریڈیو نہ صرف عوامی ترجمان ہے بلکہ صوبے کی ثقافت، تعلیم اور سماجی ترقی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے سٹاف کو ہدایت کی کہ تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر مزید جدید اور غیر روایتی پروگرامز تیار کیے جائیں۔ اس ضمن میں انہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی، کلائمیٹ چینج، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، انڈسٹریلائزیشن، ایگریکلچر و لائیو اسٹاک، کامیابی کی کہانیاں اور مصنوعی ذہانت جیسے موضوعات پر پروگرامز بنانے کی خصوصی ہدایت دی۔

انہوں نے پختونخوا ریڈیو کو شقابلِ فخر سرمایہص قرار دیتے ہوئے سٹیشن ڈائریکٹر ہارون خان داؤدزئی سمیت تمام عملے کی خدمات کو سراہا اور یقین دلایا کہ محکمہ ریڈیو کے مسائل کے حل اور نشریاتی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے عملے سے ملاقات کی، ان کی محنت کو سراہا۔