کم عمری ہی ذمہ داریاں عائد ہوگئی تھیں،عرفان کھوسٹ

تینوں بیویاں انتقال کر چکی ہیں اور میرا چوتھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں

جمعہ 12 ستمبر 2025 11:41

کم عمری ہی ذمہ داریاں عائد ہوگئی تھیں،عرفان کھوسٹ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)سینئر اداکار عرفان کھوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ان پر گھر کے بڑے فرد ہونے کی وجہ سے کم عمری ہی ذمہ داریاں عائد ہوگئی تھیں اور انہوں نے 12 سال کی عمر می ہی خاندان کو سنبھالنا شروع کیا۔عرفان کھوسٹ نے نجی ٹی وی سے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ والدین کے کم عمری میں چلے جانے کے بعد ان پر گھر کی ذمہ داریاں عائد ہوئیں اور انہوں نے بہنوں اور بھائیوں کی پرورش کے لیے کم عمری میں ہی کام کرنا شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں ہی ڈیلیوری بوائے کا کام بھی کرنا شروع کردیا اور لوگوں کے لیے چیزیں خرید کر انہیں گھر پہنچاتے تھے۔اداکار کے مطابق انہوں نے حلال رزق کمانے کے لیے کم عمری میں حلیم بھی بیچا اور وہ تمام کام کیے، جن سے ان کا گھر چل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے محنت کرکے اپنی پانچ بہنوں کی شادیاں کروائیں، گھر بنایا اور خوش قسمتی سے انہیں بھی پانچ بیٹیاں ہوئیں۔

عرفان کھوسٹ کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن میں ہی اداکاری کا شوق تھا اور 1988 میں وہ پاکستان کے پہلے ہدایت کار بنے تھے، جنہوں نے امریکا میں جاکر تھیٹر کیا تھا، جس میں انہوں نے سہیل احمد کو پہلی بار کام کرنے کا موقع بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے شہناز شیخ کو بھی تھیٹر ڈراموں میں کاسٹ کیا جب کہ انہوں نے دیگر کئی اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔

ایک سوال کے جواب میں عرفان کھوسٹ نے بتایا کہ انہوں نے تین شادیاں کیں، جس میں سے انہوں نے پہلی شادی پسند سے کی۔ان کے مطابق دوسری شادی انہوں نے ایسی خاتون سے کی، جو انہیں پسند کرتی تھیں لیکن وہ انہیں پسند نہیں کرتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ تیسری شادی انہوں نے ایسی خاتون سے کی جو نہ انہیں پسند کرتی تھیں اور نہ وہ انہیں پسند کرتے تھے لیکن پھر بھی شادی ہوگئی۔عرفان کھوسٹ نے بتایا کہ ان کی تینوں بیویاں انتقال کر چکی ہیں اور ان کا چوتھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں۔