کراچی کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو پھر بادل برس پڑے

مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 17:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو پھر بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، دوسری جانب شہر میں 2 روز قبل ہونے والی بارش کا پانی تاحال سڑکوں پر موجود ہے جبکہ ٹوٹی سڑکوں نے شہریوں کی زندگی مزید اجیرن کردی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں جمعے کو پھر بادل برس پڑے، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن میں درمیانے درجے کی بارش ہوئی جبکہ بلدیہ ٹاؤن، سائٹ ایریا، گولیمار اور گارڈن کے اطراف بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

دوسری جانب، کراچی میں شدید بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے کے 2 روز بعد بھی کئی علاقوں اور شاہراہوں کی صورتحال معمول پر نہ آسکی، شہر میں اب بھی کئی علاقوں کی سڑکیں، چوک چوراہے اور چورنگیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں تو دوسری جانب ٹوٹی سڑکوں، گڑھوں اور دراڑوں سے آمد و رفت اذیت ناک ہوگئی۔

(جاری ہے)

پہلوان گوٹھ سے گلستان جوہر آنے اور جانے والے سڑک کے دونوں اطراف گڑھے پڑنے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے جبکہ اسی روڈ پر صفورا سے خاور چوک تک آنے والی سڑک بی آر ٹی کے صفورا انڈر پاس سے نکالے جانے والے پانی کے باعث دریا کا منظر پیش کررہی ہے۔

ادھر منور چورنگی انڈرس پاس کے تعمیراتی کام کے باعث اطراف میں حال ہی میں ڈالی گئی متبادل سڑکوں پر بھی بارش کے بعد گڑھے پڑ گئے ہیں جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت شدید متاثر ہے۔اسی طرح کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مرکزی شاہراہ جبکہ اسکیم 33 میں مدراس چوک، گلشن کنیز فاطمہ اور اطراف کی سڑکوں پر پانی تاحال جمع ہے جبکہ گٹر بری طرح ابل رہے ہیں، بروقت نکاسی آب نہ ہونے سے ایک جانب شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے تو دوسری جانب سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ سے شہریوں کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی میں 2 روز سے بدترین ٹریفک جام کا سبب بننے والی کازوے ہلکی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، بلوچ کالونی سے کورنگی صنعتی ایریا آنے والی شاہراہ ملیر ندی کے پانی کی وجہ سے دو روز سے بند تھی جس کے باعث جام صادق برج پر منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا تھا، تاہم کورنگی کراسنگ سے قیوم آباد آنے والی سڑک کیچڑ اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث تاحال ٹریفک کے لیے بند ہے۔