سوات ،آن لائن کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل براہ راست سنے گئے

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:40

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)ضلعی انتظامیہ سوات نے شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ یہ کچہری ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)سوات محب اللہ خان یوسفزئی کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جسے ڈپٹی کمشنر سوات کے آفیشل فیس بک پیج پر براہ راست نشر کیا گیا۔آن لائن سیشن میں ضلع بھر کے شہریوں نے بھرپور شرکت کی اور اپنے انفرادی و اجتماعی مسائل، مشکلات اور تجاویز کمنٹس کے ذریعے براہ راست شیئر کیں۔

اس موقع پر ضلع سوات کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیل میونسپل آفیسرز، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندے موجود تھے جنہوں نے شہریوں کے سوالات کے جوابات دیے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محب اللہ یوسفزئی نے موصولہ شکایات کا ایک ایک کرکے جائزہ لیا اور متعدد مسائل موقع پر ہی حل کردیے، جبکہ باقی شکایات کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی اور رپورٹ طلب کی۔

آن لائن کھلی کچہری میں شہریوں نے صحت و صفائی، نکاسی آب، تعلیم، صحت کی سہولیات، سڑکوں کی تعمیر، ٹریفک مینجمنٹ، غیر قانونی آڈوں کے خاتمے، پرائیویٹ ایمبولینس کے کرایوں اور بے جا سائرن کے استعمال، تجاوزات کے خلاف کارروائی، منشیات کی روک تھام اور دیگر فلاحی اقدامات سے متعلق مسائل اور تجاویز تفصیل سے پیش کیں۔ضلعی انتظامیہ نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے گی اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر عوامی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا۔