Live Updates

سیلابی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اپنانے سے مختلف بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے، طبی ماہرین

اتوار 14 ستمبر 2025 13:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) ملتان میں حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث جہاں فصلوں، گھروں اور مال مویشیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، وہیں صحت کے مسائل کے حوالے سے طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی سختی سے ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ وبائی امراض سے محفوظ رہا جا سکے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی اترنے کے بعد صحت و صفائی پر خصوصی توجہ دینا بہت ضروری ہے۔

اس حوالے بات کرتے ہوئے جنرل فزیشن ڈاکٹر احمد نے کہا کہ سیلاب کے بعد سب سے اہم احتیاط یہ ہے کہ شہری صرف صاف اور ابلا ہوا پانی استعمال کریں۔ متاثرہ خاندانوں کو چاہیے کہ کھانے پینے کی اشیاء کو ہمیشہ ڈھانپ کر رکھیں تاکہ آلودگی سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا حکومت اور طبی ٹیمیں ریلیف کیمپوں میں ادویات اور حفاظتی ٹیکے مہیا کر رہی ہیں جن سے بیماریوں کے خدشات کم ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ماہر امراضِ جلد ڈاکٹر کلثوم نے کہا کہ سیلابی پانی کے باعث جلدی انفیکشن عام ہو سکتے ہیں۔ شہری آلودہ پانی میں نہانے سے گریز کریں اور اگر جلد پر خارش یا انفیکشن ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ انہوں نے بتایا کہ صفائی ستھرائی اور جراثیم کش ادویات کے استعمال سے مسائل پر بڑی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔طبی ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ سیلاب کے بعد ہیضہ، ٹائیفائیڈ، ڈائریا، ملیریا اور ڈینگی جیسی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ رہتا ہے۔

مچھروں سے بچاؤ کے لیے اسپرے اور مچھر دانی کا استعمال نہایت ضروری ہے، جبکہ بچوں کو سیلابی پانی سے دور رکھنا اور حفاظتی ٹیکے لگوانا بھی مؤثر اقدامات ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری اگر احتیاط اور صفائی کا خیال رکھیں تو نہ صرف اپنی بلکہ اپنے اہل خانہ کی صحت کو بھی محفوظ بنا سکتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات