وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر عمران احمد شاہ نےشیخ عبدالقادر جیلانی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (SAJRI) کا افتتاح کر دیا

اتوار 14 ستمبر 2025 15:10

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر عمران احمد شاہ نے اسوۂ کاملہ کانفرنس کے موقع پر شیخ عبدالقادر جیلانی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (SAJRI) کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ نوجوان نسل میں خدمت، اخلاقیات اور سماجی ذمہ داری کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے اور تحقیق و مکالمے کا ایسا مرکز بنے گا جو نئی نسل کو اپنے روحانی ورثے اور اعلیٰ اقدار سے جوڑے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی زندگی انسانیت کے لیے عدل، رحم اور خدمت کا بہترین نمونہ ہے۔ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ نے اسی پیغام کو آگے بڑھایا اور اپنی خانقاہ کو یتیموں، مسافروں اور ضرورت مندوں کی پناہ گاہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اصل روحانیت صرف ذکر و اذکار میں نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی طرزِ عمل آج ریاستی سطح پر بھی ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ وزارتِ تخفیف غربت اسی جذبے کے تحت یہ یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ کوئی خاندان بھوکا نہ سوئے، کوئی یتیم بے سہارا نہ رہے، عورت کو عزت اور نوجوان کو روزگار میسر آئے۔\378