فیصل آباد اور عمان کے درمیان پروازوں کا سلسلہ نومبر سے شروع ہو جائے گا

سعودی ائیر لائنز کی براہ راست پروازوں کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ائیر پورٹ مینیجر محترمہ تسنیم اختر

اتوار 14 ستمبر 2025 10:55

فیصل آباد اور عمان کے درمیان پروازوں کا سلسلہ نومبر سے شروع ہو جائے ..
مکو آ نہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)فیصل آباد اور عمان کے درمیان پروازوں کا سلسلہ نومبر سے شروع ہو جائے گا۔ سعودی ائیر لائنز کی براہ راست پروازوں کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ یہ بات فیصل آباد ائیر پورٹ کی مینیجر محترمہ تسنیم اختر نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ائیر لائنز کی ٹیم سیکورٹی معاملات کیلئے فیصل آباد کا دورہ کر چکی ہے فلائی جناح اور ائیر بلیو بھی فیصل آباد سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے فیصل آباد کے نئے ائیر پورٹ کیلئے فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ کی کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں کو پاکستان سفر کرنے کیلئے سیکورٹی کے مسائل درپیش ہیں جن کے ازالہ کیلئے جلد چائنہ سے فلائٹس بھی شروع کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے موجودہ ائیر پورٹ کا رن وے بوئنگ 777کی لینڈنگ اور پرواز کیلئے مقررہ معیار کے مطابق ہے۔

دوسری سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے یہ جہاز یہاں سے آپریٹ نہیں کر سکے۔ اس سے قبل مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے فیصل آباد کے شہریوں اور بالخصوص بزنس کمیونٹی کو فضائی سفر کی زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کیلئے اب تک کی جانے والی کوششوں کا ذکر کیا جبکہ سلام ائیر لائنز بھی فیصل آباد سے پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ترکش ائیر لائنز کے ساتھ کارگو فلائٹس شروع کرنے کی بات چیت جاری ہے جس سے مقامی برآمد کنندگان کو یہاں سے براہ راست برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ چیمبر کی کاوشوں اور ائیر پورٹ مینیجر کے تعاون سے نئے ائیر پورٹ کی منظوری نہایت خوش آئند ہے اور کہا کہ یہ فیصل آباد اور ملحقہ علاقوں کیلئے سود مند ہوگا۔

اس موقع پر میاں جاوید اقبال سابق صدر ایف سی سی آئی نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کے ہر صدر کی اولین ترجیح ائیر پورٹ اور یہاں سے زیادہ سے زیادہ پروازیں شروع کرنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ یہاں سے سفر کرنے والوں کو دوسرے بین الاقوامی ہوائی اڈوں جیسی جدید سہولتیں مہیا کریں اور اس مقصد کیلئے ہماری جدوجہد جاری ہے۔اس موقع پر سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی جس میں فاروق یوسف، با اکرم ریجنل چیئرمین اپٹپما،انجینئر عاصم منیر اور ندیم اقبال نے حصہ لیا۔اس موقع پر پی آئی اے کے اسٹیشن مینیجر عرفان محمود اور فلائی دوبئی کے سیلز مینیجر جنید زکریا بھی موجود تھے۔ آخر میں سابق صدرچیمبر ہذا میاں آفتاب احمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔