ساہیوال ،جھوٹی اطلاعات دینے پر7کالرزگرفتار،میاں بیوی فرار،سات مقدمات درج

اتوار 14 ستمبر 2025 19:40

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)پولیس نے ڈکیتی چوری کی وارداتوں کی جھوٹی 15کال کر نے والے 7کالرزکوگرفتارکرلیا۔دوکالرمیاں بیوی فرارہوگئے۔جہاز گرائونڈ میں محلہ انصاریاں کے صابر حسین نے 15پر کال کرکے عابد، ارسلان اور سٹورڈ نے 46ہزارروپے ڈکیتی کی واردات کی اطلاع دی جو کہ جھوٹی نکلی اور پولیس سٹی نے ملزم صابرحسین کو گرفتارکرلیا۔

پاکپتن روڈ پر فرمان علی نے موبائل پر ڈکیتی واردات کی اطلاع دی جودوران تفتیش جھوٹی نکلی ۔ پولیس نے کالر فرمان علی کو گرفتارکرلیا۔پیر بخاری روڈ پر محمدوسیم وٹو کو ڈکیتی کی واردات کی جھوٹی اطلاع دینے پر پولیس نے گرفتارکرلیا۔چک 69فور آر میں علی نواز بھونانہ نے موٹرسائیکل نمبر 9477اے کے زیڈ چوری کی اطلاع 15کال کر کے دی جو واردات جھوٹی پائی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس نے علی نواز بھونانہ کو گرفتارکرلیا۔ چک 63فورآر میں غلام قادر بلوچ اور عامر شہزاد نے کالیں کیں کہ موٹرسائیکل اور 70ہزارروپے نقدی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے جو جھوٹی پائی گئی۔چک 56فور آر میں نورحسن پروکہ نے پولیس کوچوری کی واردات کی اطلاع دی جو غلط اور جھوٹی نکلی ۔ پولیس نے ملزم کو گرفتارکرلیا۔چک 108نوایل میں ایک خاتون بشیراں اور اس کے خاوند ارشد نے چوری کی واردات کی اطلاع ساڑھے تین بجے صبح دی۔ اطلاع جھوٹی ہونے کی بنا پر پولیس کو آتا دیکھ کر ملزم فرارہوگئے۔پولیس سٹی ساہیوال، غلہ منڈی، نورشاہ اور ڈیرہ رحیم نے سات مقدمات 25،29ٹیلی گراف ایکٹ 182 اور 427ت پ درج کرکے 7ملزموں کو حوالات میں بند کردیا ۔ دوفرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔