صوبائی وزیر آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے کوہاٹ کی یونین کونسل زیارت شیخ اللہ داد کے علاقہ مندونی میں خلوت ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اتوار 14 ستمبر 2025 20:10

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے کوہاٹ کی یونین کونسل زیارت شیخ اللہ داد کے علاقہ مندونی میں خلوت ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منصوبے پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا گیا ۔ محکمہ آبپاشی کے حکام کے مطابق ڈیم کی تکمیل سے تقریباً ڈھائی ہزار ایکڑ زرعی اراضی سیراب ہوگی جس سے فصلوں کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ اور مقامی زرعی معیشت کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ رحیم اللہ محسود بھی ان کے ہمراہ تھے۔ تقریب میں علاقہ عمائدین، منتخب نمائندے، کسان اور محکمہ آبپاشی کے افسران بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر بتایاگیا کہ خلوت ڈیم کسانوں کو 24 گھنٹے مسلسل پانی کی فراہمی یقینی بنائے گا جس سے لاگت میں کمی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح منصوبے کی بروقت تکمیل ہے تاکہ عوام اس کے حقیقی فوائد سے مستفید ہوسکیں۔

متعلقہ عنوان :