Live Updates

سیالکوٹ، کاشتکاروں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دھان کی فصل پرسٹیم راٹ کی بیماری سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

پیر 15 ستمبر 2025 12:45

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن) پسرورشعیب رسول نے کاشتکاروں کو سیلاب سے متاثرہ اور نشیبی علاقوں میں دھان کی فصل پر سٹیم راٹ کی بیماری کے حملے سے بچائو کے لئے فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے پیر کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بیماری ایک خاص قسم کی پھپھوند کے باعث پیدا ہوتی ہے جو زیادہ نمی اور کھڑے پانی کی موجودگی میں تیزی سے پھیلتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایسے کھیت جہاں سیلاب آیا ہو یا بارش کے باعث پانی جمع ہو گیا ہو، وہاں دھان کے پودوں کے تنے گلنا شروع ہو جاتے ہیں۔ ابتدا میں یہ حصے کالے ہوتے ہیں پھر بھورے ہو کر پرالی کی طرح خشک ہونے لگتے ہیں اور بعد میں ان پر چونے جیسا سفید پاؤڈر نمودار ہو جاتا ہے جو سٹیم راٹ کی واضح علامت ہے۔

(جاری ہے)

اگر اس بیماری کا بروقت تدارک نہ کیا جائے تو فصل کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے اور پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھان کے کاشتکار فوری طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ سٹیم راٹ کی بیماری پر قابو پایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کھیت میں اگر پانی کھڑا ہے تو فوراً نکال دیں کیونکہ کھڑا پانی اس بیماری کو پھیلنے میں مدد دیتا ہے۔ جہاں تک ممکن ہو کھیت میں نکاسی آب کا نظام بہتر بنایا جائے تاکہ زمین خشک رہے۔پودے اگر بہت زیادہ گھنے ہو چکے ہوں تو فصل میں ہلکی سی نرمی کر کے ہوا کے گزرنے کا راستہ بنائیں تاکہ نمی کم ہو جائے۔

اس سے بیماری کے پھیلاؤ میں کمی آتی ہے۔جہاں بیماری کے آثار ظاہر ہوں وہاں فوری طور پر موزوں زہریلی دوا کا چھڑکاؤ کیا جائے۔ اگر چھڑکاؤ ممکن نہ ہو تو دوا کو کھاد کے ساتھ ملا کر زمین پر چھٹہ دیا جائے تاکہ دوا جڑوں تک پہنچ سکے۔گلے سڑے اور مکمل متاثرہ پودوں کو کھیت سے نکال کر زمین سے دور تلف کر دیا جائے تاکہ بیماری دوسرے صحت مند پودوں تک نہ پہنچے۔اس سلسلہ میں کاشتکارمحکمہ زراعت کے قریبی دفاتر سے مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :