Live Updates

کیوی سٹار بلے باز کین ولیمسن آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20سیریز سے باہر

پیر 15 ستمبر 2025 14:14

کیوی سٹار بلے باز کین ولیمسن آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20سیریز سے باہر
ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار بلے باز کین ولیمسن آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ٹی20 سیریز میں شرکت نہیں کریں گے تاہم وہ ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے ٹیم کی نمائندگی کرنے کے لیے مکمل طور پر دستیاب ہوں گے۔نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی )نے اعلان کیا ہے کہ کین ولیمسن، ڈیوون کونوے، فن ایلن، لاکی فرگوسن اور ٹِم سیفرٹ نے عارضی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

اس معاہدے کے تحت یہ کھلاڑی بین الاقوامی فرنچائز لیگز میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کے ہائی پرفارمنس سسٹم کا بھی حصہ رہیں گے۔ انہیں تربیت، طبی سہولیات، ذہنی فٹنس کی معاونت اور کرکٹ و فٹنس سہولیات تک مکمل رسائی حاصل ہوگی۔یہ پانچوں کھلاڑی نیوزی لینڈ کے مرکزی کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی فہرست کا حصہ نہیں ہیں، جو جون میں 2025-26 سیزن کے لیے جاری کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے نیوزی لینڈ کے ساتھ وابستگی ظاہر کرتے ہوئے عارضی معاہدے کیے ہیں، جس کے تحت وہ ورلڈ کپ سمیت اہم سیریز میں دستیاب ہوں گے۔نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی )کے مطابق یہ معاہدے صرف اٴْن کھلاڑیوں کے ساتھ کیے گئے ہیں جنہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ مہم میں مکمل شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے، جس میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈومیسٹک سیریز شامل ہے۔

اس سے قبل فن ایلن کے سیریز سے باہر ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جنہوں نے حال ہی میں پاؤں کی سرجری کرائی ہے جبکہ کین ولیمسن نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر اس سیریز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حالانکہ وہ کسی انجری کا شکار نہیں ہیں۔این زیڈ سی کے چیف ایگزیکٹو سکاٹ ویننک کا کہنا تھا کہ’’ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ کے پیش نظر ہم چاہتے تھے کہ ہمارے بہترین ٹی20 کھلاڑی مکمل طور پر تیار اور دستیاب ہوں۔یہ عارضی معاہدے کھلاڑیوں کی نیوزی لینڈ کے ساتھ وابستگی کا مظہر ہیں۔نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز 1 سے 4 اکتوبر کے درمیان ماو?نٹ مانگنوئی میں کھیلی جائے گی، جبکہ نیوزی لینڈ کی سکواڈ کا اعلان رواں ہفتے متوقع ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :