Live Updates

کس کے کہنے پر کپتان سمیت ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملایا؟، بھارتی میڈیا نے بھانڈا پھوڑ دیا

میچ تو بھارت 7 وکٹوں سے جیتنے میں کامیاب ہوگیا لیکن اسپورٹس مین سپرٹ کی بات ہو تو بھارتی ٹیم یقیناً پوائنٹس ٹیبل میں سب سے آخری پوزیشن پر ہوگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 ستمبر 2025 14:34

کس کے کہنے پر کپتان سمیت ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملایا؟، ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 ستمبر 2025ء ) 14 ستمبر اتوار کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا میچ کھیلا گیا جس میں بھارتی ٹیم نے سپورٹس مین سپرٹ کی دھجیاں اُڑا دیں۔ بھارت میچ تو 7 وکٹوں سے جیتنے میں کامیاب ہوگیا لیکن اسپورٹس مین اسپرٹ کی بات ہو تو بھارتی ٹیم یقیناً پوائنٹس ٹیبل میں سب سے آخری پوزیشن پر ہوگی۔

ہوا کچھ یوں کہ چند روز قبل دبئی اسٹیڈیم میں بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ہاتھ ملایا تھا جس پر بھارت میں انہیں کڑی تنقید اور سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ اب گزشتہ روز میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر یادو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔

(جاری ہے)

صرف یہی نہیں بلکہ بھارت نے جیت کے بعد بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا اور پوری ٹیم ڈریسنگ روم لوٹ گئی۔

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور کوچ مائیک ہیسن بھارتی کیمپ تک پہنچے مگر کوئی بھارتی کھلاڑی باہر نہ آیا۔ بھارتی ٹی وی این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو سے اس حوالے سے پوچھا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ یہ اس لیے کیا گیا تاکہ پاکستان کو واضح پیغام جائے اور وہ پہلگام پر دہشتگرد حملے کو ذہن میں رکھیں تاہم آئیڈیا ان کا نہیں تھا۔

این ڈی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ یہ بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی اور موجودہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کو پاکستانی کرکٹرز سے ہاتھ ملانے سے منع کیا تھا۔ این ڈی ٹی وی نے ٹیلی کام ایشیا سپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک رپورٹ کے مطابق، گمبھیر نے مبینہ طور پر بھارتی کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ مصافحہ نہ کرنے کا مشورہ دیا اور ان سے یہ بھی کہا کہ وہ حریفوں کے ساتھ کوئی زبانی جملہ بازی نہ کریں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات