Live Updates

جو اس ٹیم میں منتخب نہیں ہوا وہ خوش نصیب ہے، باسط علی

پیر 15 ستمبر 2025 14:14

جو اس ٹیم میں منتخب نہیں ہوا وہ خوش نصیب ہے، باسط علی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء) قومی ٹیم کے سابق کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ جو اس ٹیم میں منتخب نہیں ہوا وہ خوش نصیب ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ کھلاڑیوں کو ہٹا دیں تو پھر ٹیم میں کس کو رکھیں ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں دوبارہ پرانے ہی کھلاڑی آئے ہیں، اس وقت ہم یہی سوچتے ہیں کہ جو ٹیم میں نہیں وہ اچھا ہے۔

باسط علی نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو 4 دن کی کرکٹ کھلانی چاہیے، ہماری ٹیم میں اس وقت 5 اوپنرز کھیل رہے ہیں۔ایشیا کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کا مقابلہ سری لنکا اور افغانستان جیسی ٹیموں سے ہی ہوسکتا ہے، پاکستانی ٹیم کے بلے بازوں نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم کی جانب سے ہاتھ نہ ملانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹیموں کے کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا اچھی مثال نہیں ہے۔

باسط علی کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی کرکٹر ہاتھ نہ ملانے کے اقدام کو نہیں سراہے گا، اس سے آگے آئی سی سی کا ایونٹ بھی آنا ہے کیا یہ لوگ وہاں بھی ہاتھ نہیں ملائیں گی بھارت نے پاکستان کو ایشیاکپ کے گروپ میچ میں باآسانی شکست دے کر ایونٹ میں فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھا ہے۔دبئی میں کھیلے گئے ہائی وولٹیج مقابلے کو بھارت نے یکطرفہ بناتے ہوئے پاکستان کو زیر کر دیا۔

گرین شرٹس کے 128 رنز کے ہدف کو بھارت نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کی۔واضح رہے کہ میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ہاتھ نہیں ملایا، ٹاس کے موقع پر کپتان ایک کے دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے لیکن ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔میچ کے اختتام پر بھی عمومی طور پر سخت حریف بھی رسمی ہاتھ ملاتے ہیں لیکن بھارتی بلے باز میچ ختم ہوتے ہی میدان سے باہر چلے گئے اور پاکستان کھلاڑی میدان سے اکٹھے ہو کر باہر آئے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات