کراچی میں پولیس موبائل پر فائرنگ کی ویڈیو سامنے آ گئی

پیر 15 ستمبر 2025 14:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)شہر قائد کے علاقے گذری میں گزشتہ رات ایک پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا،واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے ۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی اور فرار ہو گیا، فوٹیج میں پولیس موبائل کو گلی سے گزرتے دیکھا جا سکتا ہے، اچانک پولیس موبائل پر گولیاں چلنے لگتی ہیں۔

(جاری ہے)

اکیلا ملزم درخت کی آڑ میں پولیس موبائل کے آنے کا انتظار کرتا رہا، قریب پہنچتے ہی حملہ آور نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، اور بھاگتے بھاگتے ہی موبائل پر فائرنگ کی۔خوش قسمتی سے اس واقعے میں پولیس موبائل میں سوار اہلکار محفوظ رہے، جب کہ تنہا حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے بہ آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دہشت گردی کا ہے، موبائل مخصوص رفتار میں روٹین کے گشت پر تھی، جب کہ حملہ آور ممکنہ طور پر اپنے کسی ساتھی کے ساتھ موجود تھا اور فائرنگ کے بعد وہ اپنے ساتھی کے ساتھ ہی فرار ہوا۔