ساہیوال ،ماڈل ایگری مال کو اکتوبر کے پہلے ہفتے میں مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا ،کمشنر

پیر 15 ستمبر 2025 16:15

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ماڈل ایگری مال کا دورہ کیا اور منصوبے کے مختلف شعبہ جات کے تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر طاہر جاوید، ایکسین بلڈنگ فتح محمد وٹو سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ماڈل ایگری مال کو اکتوبر کے پہلے ہفتے میں مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا اور اس کے افتتاح کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی آمد متوقع ہے۔ انہوں نے ایگری مال کی بروقت تکمیل اور فعالی کے حوالے سے انتظامیہ کو تمام ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں گرین ٹریکٹرز کی تقسیم، ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن، کسان کارڈ کا اجراء اور جدید ایگری مالز کی تعمیر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ماڈل ایگری مال کسانوں کے لیے ایک جامع سہولیاتی مرکز ثابت ہوگا جہاں کھاد، بیج اور زرعی ادویات کے ساتھ ساتھ زرعی قرضہ جات اور ماہرین کی ایڈوائزری سروسز بھی مہیا کی جائیں گی۔ یہ منصوبہ نہ صرف زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرے گا بلکہ کسانوں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات فراہم کر کے ان کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ کا باعث بنے گا۔\378