متوازن غذا کی اہمیت،جامعہ پونچھ ایگریکلچر فیکلٹی میں نیوٹریشن آگاہی کیمپ

پیر 15 ستمبر 2025 21:27

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء)جامعہ پونچھ کی فیکلٹی آف ایگریکلچر کے شعبہ ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹکس نے’’عالمی ہفتہ نیوٹریشن‘‘کی موقع پر کیمپس میں نیوٹریشن آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا ۔۔کیمپ میں طلباء نے متوازن غذا کی اہمیت اور آگاہی کے لیے کھانوں کے مختلف سٹال لگا رکھے تھے ۔ جن میں سائنسی غذائی رہنما اصولوں کے تحت تیار کردہ غذائیت سے بھرپور غذائی اشیاء کی نمائش کی گئی ۔

اس اقدام کا مقصد اچھی صحت کو برقرار رکھنے اور طرز زندگی سے متعلق بیماریوں کو روکنے میں خوراک کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔اس موقع پر طلباء و طالبات نے بلڈ شوگر ٹیسٹنگ بھی کی اور شوگر کے تناسب سے صحت کی نگرانی کی ترغیب دی۔دریں اثناء ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر امتیاز حسین نے کیمپ کا دورہ کیا اور سٹالز کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے طلباء سے بات چیت کی اوران کی کوششوں کو سراہا۔

انھوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی سروسز کو کمیونٹی کیساتھ جوڑیں ۔ڈاکٹرامتیازحسین نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور جذبے کی تعریف کی۔ طلباء نے انہیں کھانے کی اشیاء کی غذائیت ،تیاری میں لاگت اور سٹالز کے مقاصد سے متعلق بتایا ۔ ڈاکٹر امتیاز حسین نے صحت عامہ کو فروغ دینے میں نیوٹریشن سائنسز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف طلباء کے سیکھنے میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ وسیع تر کمیونٹی کی خدمت بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ صحت مند طرز زندگی، متوازن غذا اور صحت کی دیکھ بھال کے بارے میں آگاہی پھیلانے میں اپنی کوششیں جاری رکھیں۔کیمپ میں مختلف شعبوں کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔غذائیت سے بھرپور کھانوں کی خریداری کی اور شوگر کے ٹیسٹ کرائے۔

متعلقہ عنوان :