Live Updates

چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس، اسلام آباد میں ٹریفک مسائل اور غیر قانونی کار پارکنگ کے کے حوالہ سے متعدد فیصلے

پیر 15 ستمبر 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پیر کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں آئی جی پولیس سید علی ناصر رضوی، سی ڈی اے کے بورڈ ممبران، اسلام آباد ٹریفک پولیس، آئی سی ٹی انتظامیہ اور سی ڈی اے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں غیرقانونی کار پارکنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں دارالحکومت اسلام آباد میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے اور غیر قانونی کار پارکنگ کے مسائل کے حوالے سے متعدد فیصلے کئے گئے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کی مرکزی شاہراہوں پر گاڑیاں پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور غیر قانونی طور پر گاڑی پارک کرنے پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاک سیکرٹریٹ ٹریفک یونٹ (ایس ٹی یو) تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے سینئر افسران پر مشتمل سیکرٹریٹ یونٹ فوری طور پر متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس خصوصی یونٹ میں ڈی ایس پی ٹریفک، ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے افسران شامل ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاک سیکرٹریٹ میں نئی تعمیر شدہ پارکنگ کو سرکاری دفاتر کے ملازمین اور عوام الناس کیلئے کھول دیا گیا ہے جبکہ پاک سیکرٹریٹ میں پارکنگ مستقل حل کیلئے جامع مسجد اور کوہسار بلاک سے متصل دو نئے پارکنگ ایریاز پر کام کا آغاز کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں پاک سیکرٹریٹ کی مرکزی شاہراہ سے مستقل بنیادوں پر گاڑیوں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ان نئی پارکنگز میں پاک سیکرٹریٹ کے ملازمین کی آسانی کیلئے ویلٹ سروسز متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد میں غلط سمت (رانگ وے) گاڑی چلانے پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ غیرقانونی پارکنگ اور غلط سمت (رانگ وے) پر گاڑی چلانے والوں کے خلاف اب تک 165 ایف آئی آرز کا اندارج کیا جاچکا ہے۔ آئی جی اسلام آباد پولیس نے کہا کہ یکم اکتوبر سے بغیر لائسنس گاڑی/موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائیں گی۔چیئرمین سی ڈی اے نے غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلئے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سیکٹر F-6, F-7 اور E-7 میں قائم سکولوں کیلئے مخصوص پارکنگ کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔چیئرمین سی ڈی اے نے پلاننگ ونگ کو اضافی پارکنگ مقامات کی نشاندہی کیلئے فوری منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔ بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹریفک کے بہتر نظام کیلئے جدید ترین سائن ایج سسٹم نصب کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں ہوٹلوں اور ریستورانوں کے باہر گندگی پھیلانے والے عناصر پر جرمانے عائد کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ فیصلہ اسلام آباد شہر میں صفائی ستھرائی کے اعلیٰ انتظامات کو برقرار رکھنے کے لئے کیا گیا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہوٹلوں اور ریستورانوں کے باہر کوڑا کرکٹ پھیلانے والے عناصر کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر غلط پارکنگ اور گندگی پھیلانے والے عناصر کی رپورٹس بھی مرتب کی جائیں۔

انہوں نے تاجر یونینز کو ان اقدامات کے حوالے سے اعتماد میں لینے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ غیر قانونی پارکنگ اور گندگی پھیلانے کے معاملات پر زیرہ ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسلام آباد شہر کے ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ صاف ستھرا ماڈل شہر بنانا ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات