شادی کور سے گوادر کو پانی کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا جائے گا،مولانا ہدایت الرحمن

پیر 15 ستمبر 2025 20:10

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے انجینئر سلمان بلوچ، جی ڈی اے کے انجینئر میر جان بلوچ، ایریگیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ پانی کے بحران سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں موجودہ خشک سالی کے باعث درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ٹیکنیکل مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور شہریوں کو پانی کی فراہمی میں کسی بڑے خلل سے بچنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔اجلاس کے دوران شادی کور ڈیم کو چہوڈ ڈگار سے منسلک کرنے کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور بتایا گیا کہ جلد ہی شادی کور سے گوادر کو پانی کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کے ڈیسلینیشن پلانٹ کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کی جا سکیں۔