Live Updates

نوجوان سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی زندگی میں اپنائیں،راشدنسیم

ْمہنگائی ظلم ونانصافیوں سمیت تمام مسائل کا حل نظام مصطفویؐ میں مضمر ہے سکرنڈ جلسے سے خطاب

پیر 15 ستمبر 2025 22:05

کراچی/سکرنڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)مرکزی رہنما جماعت اسلامی ودینی اسکالر رشدنسی نے کہا ہے کہ ملک کئی بار تبدیلی دیکھ چکا اب ان شاء اللہ نظام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اس ملک کا مقدر بنے گا مہنگائی ظلم ونانصافیوں سمیت تمام مسائل کا حل اسی میں مضمر ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی سکرنڈ کے تحت منعقدہ سیرت النبی کانفرنس سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔

ربیع الاول کے بابرکت ماہ میں شہر کی مین شاہراہ اسٹیشن روڈ پر عظیم الشان سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس میںشہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا میں نوجوانوں کی تعداد مغربی دنیا کی بنسبت زیادہ ہے، دنیا کا ساٹھ فیصد نوجوان مسلمان ہے، اور آج کا نوجوان اپنا رول ماڈل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو سمجھتا ہے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ نوجوان اسلام کی جانب تیزی سے متوجہ ہو رہے ہیں، اگر سیرت مصطفٰی سے اپنے کردار کو مزین کر لیا جائے تو بہت جلد ہم وہ ثمرات سمیٹیں گے جن کی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بشارت دی ہے۔

(جاری ہے)

جلسے سے قائم مقام امیر ضلع سرور احمد قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی سچائی اور امانتداری سے لوگوں کے دلوں میں اپنا مقام بنایا، ہمیں بھی ان کے نقشِ قدم پر چلنا چاہئیے۔ نائب امیر ضلع کنور راشد مکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم پر درود کی کثرت ہمیں ناصرف دنیا میں بلکہ آخرت میں بھی سرخرو کرے گی۔امیر جماعت اسلامی سکرنڈ زبیرمنصوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ جلسے ریلیاں منعقد کرنا احسن عمل ہے لیکن جب تک ہم سیرت پر عمل پیرا ہو کر جھوٹ ، غیبت، دھوکے، نشہ اور دیگر برائیاں ختم نہیں کریں گے تب تک عشقِ رسول صلی اللہ علیہ محض ایک دعوے کے سوا کچھ نہیں۔

نائب امیر جماعت اسلامی سکرنڈ مفتی امام الدین لغاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب تک ہم نظام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی جدوجہد نہیں کریں گے اور اقامت دین کا فریضہ ادا نہیں کریں گے عشق رسول کا حق ادا نہیں ہو گا۔جلسے کی میزبانی کا شرف سید عقیل اقبال کو حاصل ہوا۔ نعتوں سے خوبصورت سماء باندھا گیا۔ راؤ عبدالعلیم، عبدالفتاح مہر اور زبیر منصوری نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔اختتامی دعا میں فلسطینی مسلمانوں کی سرخروئی کی دعا کی گئی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات