لاؤلیالیملیتوا ساموا کے نئے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

منگل 16 ستمبر 2025 08:50

اپیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ساموا کے نومنتخب وزیر اعظم لاؤلیالیملیتوا لیواتیا شمٹ نے اپنے پانچ سالہ آئینی دورِ حکومت کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے حلف اٹھا لیا۔العربیہ کے مطابق حلف برداری اور 18ویں پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس دارالحکومت اپیا کے توانائماتو ملٹی پرپز جمنیزیم میں منعقد ہوا۔اس موقع پر 51 رکنی ایوان میں اکثریت حاصل کرنے والی FAST پارٹی کے 31 اراکینِ پارلیمنٹ نے پارٹی سربراہ لاؤلیالیملیتوا کو بطور وزیر اعظم نامزد اور منتخب کیا۔

حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں انہوں نے قوم اور اپنے خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ساموا کے عوام سے اپیل کی کہ وہ "پرامن اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ ایک مضبوط ساموا کی تعمیر کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کام کریں۔

(جاری ہے)

1966 میں پیدا ہونے والے لاؤلیالیملیتوا کو وسیع سیاسی تجربہ حاصل ہے۔ وہ ماضی میں پارلیمنٹ کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، اور دو بار وزیر زراعت، ماہی گیری و سائنسی تحقیق کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

حالیہ انتخابات میں فاسٹ پارٹی نے 30 نشستیں حاصل کیں، جبکہ انسانی حقوق تحفظ پارٹی 14نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ سابق وزیر اعظم فیامے ناؤمی ماتاآفا کی پارٹی (ایس یو پی ) صرف 3 نشستیں حاصل کر سکی۔ ایک آزاد امیدوار کی حمایت حاصل ہونے کے بعد FAST پارٹی کی مجموعی نشستیں 31 ہو گئی ہیں، جس سے اسے واضح اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔