چنیوٹ میں صحت دشمن عناصر کے خلاف فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، کھویا یونٹ سیل، مقدمہ درج

منگل 16 ستمبر 2025 14:40

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کے احکامات کی روشنی میں بھوانہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مضر صحت خوراک تیار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے۔ کارروائی کے دوران ایک ناقص کھویا تیار کرنے والے یونٹ کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ خوراک میں جعلسازی پر فوجداری مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی پہلے سے لیے گئے سیمپلز کے فیل ہونے پر عمل میں لائی گئی۔ لیبارٹری تجزیے میں کھویا فوڈ اتھارٹی کے مقرر کردہ معیار پر پورا نہیں اُترا۔ اس کے علاوہ ایک اور یونٹ پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا جہاں خوراک کی تیاری میں سنگین غفلت اور قوانین کی خلاف ورزیاں پائی گئیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ متعلقہ یونٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات تھے۔

فیکٹری کے اندر حشرات کی بھرمار اور غیر معیاری اشیاء کی موجودگی دیکھی گئی۔مضر صحت اور غیر معیاری کھویا عوام کو فروخت کیا جا رہا تھا، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔یونٹ مالکان نے سابقہ ہدایات پر عملدرآمد نہیں کیا اور قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے تھے۔خوراک کے نام پر دھوکہ دہی اور جعلسازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔\378

متعلقہ عنوان :