ضلعی انتظامیہ لاہور کا غیر قانونی سلنڈرز اور اوور لوڈنگ کیخلاف گرینڈ آپریشن، 1500 سے زائد گاڑیاں بند

منگل 16 ستمبر 2025 16:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لاہور نے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی قیادت میں شہر بھر میں غیر قانونی سلنڈرز اور اوور لوڈنگ کے خلاف بڑا کریک ڈائون شروع کر دیا ۔ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی نگرانی میں ہونے والے اس کریک ڈائون کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 گاڑیاں بند کر دی گئیں اور مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک 1500 سے زائد گاڑیاں بند کی جا چکی ہیں۔آپریشن کے دوران سکول وینز کی خصوصی چیکنگ بھی کی گئی اور 60 سے زائد بچوں کو غیر محفوظ گاڑیوں سے اتار کر بحفاظت گھروں تک پہنچایا گیا۔ والدین کو بھی آگاہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو غیر محفوظ اور غیر قانونی سلنڈرز سے لیس گاڑیوں میں نہ بھیجیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز فوری کارروائی ہوگی۔