ساہیوال ، ضلع بھر میں مقررہ قیمتوں پر آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی،ڈپٹی کمشنر

منگل 16 ستمبر 2025 15:47

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں مقررہ قیمتوں پر آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مثالی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وہ یہاں منٹگمری ہال میں ضلع بھر کے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی ہفتہ وار کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھےجس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ رانا اورنگزیب، اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد، ایس ڈی او پیرا نعمان قیصر سمیت تمام پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنرشاہد محمود نے ہدایت کی کہ مارکیٹ میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت مکمل طور پر بند کی جائے اور تمام فلور ملوں کو پابند بنایا جائے کہ وہ صرف 10 اور 20 کلو گرام کی پیکنگ میں آٹا فروخت کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے آٹے کی قیمتوں میں اوور چارجنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس ناجائز منافع خوری میں ملوث دکانداروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کریں اور کسی بھی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہ لائیں۔

واضح رہے کہ صوبہ بھر میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کا سرکاری ریٹ 905 روپےجبکہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1810 روپے مقرر ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران 49 ہزار سے زائد انسپکشنز کی گئیں جس دوران ناجائز منافع خوری میں ملوث دکانداروں کو 2 لاکھ 28 ہزار روپے جرمانہ ،تین ایف آئی کا اندراج اور 6 دکانوں کو سربمہر کروایا گیا جبکہ 19 افراد کو پولیس کے حوالے بھی کیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے مزید کہا کہ تمام پرائس مجسٹریٹس اپنے تفویض کردہ علاقوں میں فیلڈ میں نظر آئیں اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی نگرانی یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں روٹی کی مقررہ قیمت 14 روپے میں دستیابی کو بھی یقینی بنائیں۔ \378

متعلقہ عنوان :