Live Updates

پنجاب کی مختلف میڈیکل یونیورسٹیز،میڈیکل کالجز اور ٹیچنگ ہسپتالوں سے موبائل ٹیمیں سیلاب زدہ علاقہ جات کے لئے روانہ

منگل 16 ستمبر 2025 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن نے پنجاب کی مختلف میڈیکل یونیورسٹیز،میڈیکل کالجز اور ٹیچنگ ہسپتالوں سے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی مزیدموبائل ٹیمیں سیلاب زدہ علاقہ جات میں روانہ کردیں۔اس حوالے سے سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمودخان کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقدہوا۔

اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن سارہ لونی اور ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد عثمان فضل نے شرکت کی۔سپیشل سیکرٹری آپریشنزطارق محمودرحمانی اورایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرمحمدوسیم نے بہاول پور سے وڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ویڈیولنک کے ذریعہ سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن جنوبی پنجاب امان اللہ، سمیت دیگرحکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ملتان،مظفرگڑھ،علی پور،جلال پور، رحیم یارخان و دیگر سیلاب متاثرہ علاقہ جات میں متاثرین کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صحت کی ٹیموں کو سیلاب سے متاثرہ علاقہ جات میں مزیدمتحرک رہنے اور ریلیف سرگرمیوں کو بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن عظمت محمودخان نے کہاکہ کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی لاہور،راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی،فیصل آبادمیڈیکل یونیورسٹی،سروسزانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزلاہور،علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور،ساہیوال میڈیکل کالج،چلڈرن ہسپتال فیصل آباد،الائیڈ ہسپتال 1اور الائیڈہسپتال فیصل آباد2سمیت مختلف طبی اداروں سے ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔

محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن کے سپیشل سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز و ڈپٹی سیکرٹریز سمیت سینئرافسران بھی خودفیلڈمیں موجودہیں۔وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی،پرنسپل ڈی جی خان میڈیکل کالج اور پرنسپل شیخ زیدمیڈیکل کالج رحیم یارخان سمیت سینئر ڈاکٹرزسیلاب متاثرین کیلئے خودفیلڈمیں موجودہیںمیڈیکل کیمپس کے ذریعے اب تک ہزاروں سیلاب زدگان کو طبی سہولیات فراہم کی جاچکی ہیں۔

موبائل ٹیموں میں فزیشن، سرجن، پیڈریٹیشن،ایم او /ڈبلیوایم او،سٹاف نرس،پیرامیڈیکل سٹاف،گائنالوجسٹ اور رضاکارشامل ہیں۔صوبائی سیکرٹری صحت عظمت محمودخان نے مزیدکہاکہ سیلاب متاثرہ علاقہ جات میں میڈیکل کیمپس میں اینٹی سنیک ویکسین، اینٹی ریبیزویکسین اور پانی سے پیداہونے والی بیماریوں سے بچاو کیلئے ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔سیلاب زدہ علاقوں میں موجود میڈیکل کیمپس میں ڈینگی،ملیریا،ہیپاٹائٹس،گیسٹروانٹائٹس،ہیضہ اور جلد کے امراض سے بچاو کی ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہاہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات