مصطفی کمال کی اسلام آباد کے تینوں ایم این ایز کو ڈینگی سے بچاؤ کی مہم کا حصہ بننے کی درخواست

منگل 16 ستمبر 2025 22:58

مصطفی کمال کی اسلام آباد کے تینوں ایم این ایز کو ڈینگی سے بچاؤ کی مہم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہمیں عوام کو مریض بننے سے بچانا ہے،مچھر عوام کو ڈینگی وائرس میں مبتلا کر رہا ہے ، شہروں اور دیہات میں ڈینگی کے کیسز بڑھ رہے ہیں ۔قومی انسداد ڈینگی مہم 2025 کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اسلام آباد کے تینوں ایم این ایز سے درخواست کرتا ہوں کہ ڈینگی سے بچاؤ کی مہم کا حصہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ہمارانصب العین ہونا چاہیے ،اللہ کی مخلوق کوبیماری سے بچانے کی کوشش ثواب ہے ۔مصطفی کمال نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے،ہمیں ہسپتالوں میں مریضوں کا انتظار نہیں کرنا۔انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت دوسری وزارتوں سے مختلف ہے ہمارے اوپر ذمہ داری زیادہ ہے ہمیں اس پر سوچ سمجھ کر توجہ سے کام کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام ہمیں اللہ کی ہر مخلوق سے محبت کا درس دیتا ہے،جب آپ اللہ کی مخلوق کی مدد کریں گے تو اللہ خوش ہو گا۔انہوں نے ہیلتھ ورکرز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہ وزارت اللہ کی مخلوق کی مدد کرنے والی ہے،آپ سب ورکرز اہم ہیں کیوں کہ آپ اللہ کی مخلوق کو بچا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اتنے زیادہ وسائل نہیں ہیں ہم مشینیں اور گاڑیوں کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔آپ سب ورکرز ڈینگی مہم کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے کل سروائیکل کینسر سے بچائو کی ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا ہے،نظام صحت کوجدیدخطوط پراستوارکررہے ہیں۔