وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کاضلع کیچ دھماکے میں 5 جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس اور خراجِ عقیدت

منگل 16 ستمبر 2025 22:29

وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کاضلع کیچ دھماکے میں 5 جوانوں کی شہادت پر اظہارِ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں بم دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے پانچ جوانوں کی شہادت پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں اور قوم ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جذبہ ایمانی اور شوقِ شہادت سے سرشار یہ شہداء ملت کے سر کا تاج ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں وطن عزیز کے تحفظ کی ضامن ہیں اور ان کے والدین، جنہوں نے اپنے جوان بیٹوں کی شہادت پر پاکستان زندہ باد کہا، بلاشبہ انتہائی عظیم اور باہمت ہیں۔ انہوں نے شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کی بیخ کنی میں ریاستی ادارے دن رات مصروف عمل ہیں اور دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں سمیت نابود کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں کی لازوال قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور پوری قوم اپنے ان سپوتوں پر فخر کرتی ہے۔