فیسکوکے سب ڈویژنز میںآن لائن شکایت کی صورت میں مسئلہ حل کئے بغیر ہی شکایت کو حل شدہ قرار دے کر صارفین سے دھوکہ کیاجارہاہے ، رانا طہٰ خان

منگل 16 ستمبر 2025 22:01

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء)جماعت اسلامی زون پی پی115کے امیرراناطہٰ خاںنے کہاہے کہ فیسکوکے سب ڈویژنز میںآن لائن شکایت کی صورت میں مسئلہ حل کئے بغیر ہی شکایت کو حل شدہ قرار دے کر صارفین سے دھوکہ کیاجارہاہے ۔ بلوں پر شکایت کیلئے پرنٹ کیے گئے موبائل نمبر بھی غیر فعال ہیں، مسائل کے شکار صارفین پریشانی سے دوچارہیں ۔

صارفین کی شکایات کو محض فائلوں میں نمٹانے کی روایت شدت اختیار کر چکی ہے۔انہوںنے کہاکہ شہریوں کی جانب سے آن لائن یا فون کے ذریعے کی جانے والی شکایات کا ازالہ کرنے کے بجائے متعلقہ اہلکار بوگس انٹریز کے ذریعے ریکارڈ میں یہ ظاہر کردیتے ہیں کہ مسئلہ حل کر دیا گیاہے جبکہ شکائت حل ہی نہیں کی جاتی۔ ایسے میں صارفین مسلسل بجلی کی خرابی، بلوں میں غلطیوں یا وولٹیج کی خرابی جیسے مسائل کا شکار رہتے ہیں مگر فیسکو کے نظام میں ان کی شکایات حل شدہ دکھائی دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

بیشتر سب ڈویژنز میں وہ موبائل نمبرز جو بجلی کے بلوں پر شکایت درج کرنے کیلئے فراہم کئے گئے نمبر ز یا تو بند ملتے ہیں یا اٹینڈ ہی نہیںکئے جاتے جس کی وجہ سے صارفین کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔انہوںنے مطابہ کیاہے کہ اعلیٰ انتظامیہ بوگس انٹریز اور غیر فعال شکایتی نیٹ ورک کا نوٹس لے اورمانیٹرنگ کیلئے کسی ادارے کی نگرانی میں آزادانہ آڈٹ کروایا جائے اور شہریوں کی شکایات کوبروقت نمٹایاجائے۔