میڈیکل ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کا18ستمبرکو ہیلتھ کیئر کمیشن آفس کے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان

منگل 16 ستمبر 2025 19:40

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)میڈیکل ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا 18ستمبرکو پشاور میں ہیلتھ کیئر کمیشن آفس کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دینے کے علاوہ سرکاری ہسپتالوں میں مکمل ہڑتال کرے گی اس دوران صرف ایمرجنسی کور دیا جائے گا ،اس سلسلے میں پی ایم اے مردان ڈویژن کا اجلاس ڈویژنل صدر ناصر علی منعقد ہوا، جس میں ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان کے صدر تاج محمد، ڈی ایچ کیو سائیڈ مردان کے جنرل سیکرٹری سمیع الرحمان،مردان میڈیکل کمپلیکس کے صدر سجاد خان جنرل سیکرٹری محمد ریاض، ڈی ایچ کیو ہسپتال صوابی کے صدر فتح علی، جنرل سیکرٹری ضیا الرحمان، شیر افسر، باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی کے صدر سید عابد اختر باچہ، جنرل سیکرٹری بابر الرحمان، ذوالفقار، حبیب اللہ، شیرین زادہ، ڈی ایچ کیو سائیڈ صوابی کے صدر فضل حکیم ،جنرل سیکرٹری ناصر علی ،محمد عاقل ،حسن الوہاب ،عرفان اور افتخار نے شرکت کی، شرکا اجلاس نے صوبائی ایسوسی ایشن کے فیصلے پر من وعن عمل درآمد کا اعادہ کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کے غیر مہذبانہ،متکبرانہ اور غیر قانونی اقدامات کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں صوبائی ایسوسی ایشن فیصلے کے مطابق مردان ڈویژن کے تمام چھوٹے بڑے ہسپتالوں میں بھی مکمل ہڑتال ہوگی،اس دوران صرف ایمرجنسی کور دیا جائیے گا، جبکہ کل جمعرات 18 ستمبرکو ایچ ایچ سی کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا جائے گا۔اجلاس میں منظور کردہ قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ BPS 16 سے BPS 17 کو پروموشن آرڈر، BPs 14 اور Bps 12 کی سنیارٹی لیسٹ جلد از جلد جاری کی جائے،صوبہ بھر کے تمام ایم ٹی آئی ہسپتالوں میں پیرامیڈیکس کو شئیر دیا جائے، باچہ خان میڈیکل کمپلیکس اور گجو خان میڈیکل کالج شاہ منصور صوابی میں یرامیڈیکس کمیونٹی کے فلیٹس صرف اور صرف پیرامیڈیکس کو دی جائے۔ ای پی آئی سٹاف ضلع صوابی کے پی او ایل کارڈ کو بروقت ادائیگی کی جائے۔