وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت صوبے کے مویشی پال حضرات کے لئے'' لائیوسٹاک کارڈ'' منصوبہ کامیابی کے ساتھ جاری

منگل 16 ستمبر 2025 20:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت صوبے کے مویشی پال حضرات کے لئے'' لائیوسٹاک کارڈ'' منصوبہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے جو کسان دوست پالیسیوں کی شاندار مثال اور مویشی پال کسانوں کے لیے سہولت فراہم کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔لائیوسٹاک کارڈ کے فیز ون کی 100 فیصد ریکوری کے بعد اب فیز ٹو کے لئے درخواستوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

خواہشمند حضرات PLC سپیس اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8070 پر ایس ایم ایس کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔اس منصوبے کے تحت مویشی پال حضرات کو کم از کم 5 اور زیادہ سے زیادہ 20 جانوروں کے لیے بلا سود قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ فی جانور 27 ہزار روپے قرضہ دیا جائے گا جو 6 ماہ کی مدت کے بعد بغیر کسی سود کے واپس کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ نہ صرف گوشت کی پیداوار میں اضافہ کرے گا بلکہ پنجاب سے لائیوسٹاک کی ایکسپورٹ بڑھانے میں بھی نمایاں کردار ادا کرے گا۔

پنجاب بھر کی طرح فیصل آباد ڈویژن میں بھی یہ سکیم کامیابی سے جاری ہے۔ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یہ انقلابی منصوبہ لائیوسٹاک فارمرز کی معاشی خوشحالی کی ضمانت ہے۔ فیصل آباد ڈویژن میں محکمہ لائیوسٹاک کی ٹیم پوری محنت اور جانفشانی کے ساتھ اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان بلا سود قرضے کی سہولت سے استفادہ کر سکیں۔ یہ سکیم نہ صرف کسانوں کو سہارا دے گی بلکہ دیہی معیشت کو بھی تقویت بخشے گی۔مزید رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 08000-9211 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔