ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کا ہری پور اور صوابی کے اضلاع میں زیر تعمیر جوان مراکز کا دورہ، جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ

منگل 16 ستمبر 2025 21:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد نے ہری پور اور صوابی کے اضلاع میں زیر تعمیر جوان مراکز کا دورہ کیا اور وہاں پر جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے منصوبوں کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام منظور شدہ ڈیزائن اوراعلی معیار کے مطابق یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کا ناقص اور غیر معیاری تعمیراتی کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈاکٹر نعمان مجاہد نے کہا کہ جوان مراکز صوبائی حکومت کے فلیگ شپ منصوبے ہیں جنہیں نوجوانوں کو جدید سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کیلئے قائم کیا جا رہا ہے۔ اس لیے ان منصوبوں کی بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق تکمیل ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی عمل کے ہر مرحلے پر سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔

ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا نے کہاکہ کہ اس وقت مردان، صوابی، ڈیرہ اسماعیل خان، بونیر، پشاور(یوتھ کمپلکس) ، ہری پور، مہمند، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان اور لوئر وزیرستان میں جوان مراکز زیر تعمیر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت پانچ نئے جوان مراکز شانگلہ، چارسدہ، اپر چترال، بنوں اور کوہاٹ میں بھی جلد منظور کیے جائیں گے۔انہوں نے صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سید فخر جہان کی زیر نگرانی صوبائی حکومت کےنوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ان مراکز کی تکمیل سے نوجوانوں کو جدید سہولیات میسر آئیں گی جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں گے اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے۔