پانی کی بندش سے نہ صرف شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں

منگل 16 ستمبر 2025 23:30

Pحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء) حب اور گردونواح میں حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں لسبیلہ کینال کو شدید نقصان پہنچا۔ کینال کے مختلف 17 مقامات پر شگاف پڑنے کے باعث حب شہر، انڈسٹریل زون اور گڈانی میں پانی کی ترسیل معطل ہوگئی تھی۔ پانی کی بندش سے نہ صرف شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فوری نوٹس لیا اور محکمہ آبپاشی سمیت متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت دی۔ وزیراعلی کی ہدایت پر صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی اور صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے صورت حال پر قریبی نظر رکھی اور موقع پر رہنمائی فراہم کی۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان اور ایکسیئن ایریگیشن حب حسین احمد کی سربراہی میں محکمہ آبپاشی اور پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آئیں اور متاثرہ مقامات پر مرمتی کام شروع کیا۔

مشکل موسم اور مسلسل بارش کے باوجود ٹیموں نے جنگی بنیادوں پر شب و روز محنت کرکے کینال کے شگاف پر کیے۔ ایک ہفتے کی جدوجہد کے بعد نہ صرف کینال کی مرمت مکمل کی گئی بلکہ حب شہر، انڈسٹریل زون اور گڈانی کے عوام و صنعتوں کے لیے پانی کی ترسیل بھی بحال کردی گئی۔ پانی کی بحالی سے شہریوں اور صنعتکاروں کو بڑا ریلیف ملا ہے اور عوام نے بروقت اقدامات پر صوبائی حکومت اور اداروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کینال کی مزید نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں تاکہ دوبارہ کسی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکی