قطر میں اسرائیلی فضائی حملہ علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے،اقوام متحدہ

بدھ 17 ستمبر 2025 10:30

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے خبردار کیا ہے کہ قطر میں اسرائیلی فضائی حملہ علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ العربیہ کے مطابق انہوں نے انسانی حقوق کونسل میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 9 ستمبر کو دوحہ میں مذاکرات کاروں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

وولکر ترک نے کہا کہ اسرائیلی حملہ ثالثی اور مذاکراتی عمل کی سالمیت پر دھچکا ہے اور یہ عالمی سطح پر تنازعات کے پرامن حل کی کوششوں کے خلاف اقدام ہے۔ انہوں نے اس کی مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کونسل اور حکومتوں سے اس واقعہ کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا۔ہائی کمشنر نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قانون کے اصولوں کے تحت حقِ زندگی کی خلاف ورزی ہے، اس لیے ثالثی کے عمل کی اہمیت کی توثیق اور اموات پر جواب طلبی ناگزیر ہے۔