کیریبین پریمیئر لیگ ،ایلیمینٹر میچ میں فتح کے ساتھ ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم کوالیفائر ٹو میں داخل

بدھ 17 ستمبر 2025 17:02

گیانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) کیریبین پریمیئر لیگ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم ایلیمینٹر میچ میں اینٹیگوا اور باربوڈا فالکنز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر کوالیفائر 2 میں پہنچ گئی ، فاتح ٹیم نے 167 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں 1 وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا ، نکولس پوران کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

بدھ کو پراویڈنس سٹیڈیم گیانا میں کھیلے گئے لیگ کےایلیمینٹر میچ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے کپتان نکولس پوران نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور اینٹیگوا اور باربوڈا فالکنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناکر ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کو میچ میں کامیابی کے لئے 167 رنز کا ہدف دیا۔

(جاری ہے)

اینڈریز گوس نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 61 اور عامر جنگو نے 55رنز بنائے جبکہ مایہ ناز بنگلہ دیشی آل رائونڈر شکیب الحسن نے ناقابل شکست 26 رنز بنائے۔

ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوربھ نیتراولکر نے 3جبکہ عثمان طارق اور آندرے رسل نے دو ،دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جواب میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرزکے کپتان نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 8 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 90رنز کی دلکش اننگز کھیلی ،ایلکس ہیلز ناقابل شکست 54 رنز سے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے ۔یوں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم نے ایلیمینٹر میچ میں اینٹیگوا اور باربوڈا فالکنز کو نہ صرف 9 وکٹوں سے شکست دی بلکہ لیگ کے کوالیفائر 2 میچ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔اس شکست کے بعد اینٹیگوا اور باربوڈا فالکنز کی ٹیم لیگ سے باہر ہوگئی ہے۔نکولس پوران شاندار بیٹنگ پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔\932

متعلقہ عنوان :