لیونل میسی اور انٹر میامی میں معاہدے کی توسیع، 2026 کے بعد بھی ٹیم کودستیاب ہوں گے

جمعرات 18 ستمبر 2025 15:14

لیونل میسی اور انٹر میامی میں معاہدے کی توسیع، 2026 کے بعد بھی  ٹیم کودستیاب ..
میامی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی اور امریکی فٹبال کلب انٹر میامی کے درمیان معاہدے میں توسیع پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے تحت لیونل میسی 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کے بعد بھی میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس ) میں کھیلتے رہیں گے۔امریکی ویب سائٹ ای ایس پی این کے مطابق امریکی فٹبال کلب انٹر میامی اور لیونل میسی معاہدے میں 2026 تک توسیع پر متفق ہوگئے ہیں تاہم اس معاہدے کا باضابطہ اعلان آئندہ دو ہفتوں میں متوقع ہے۔

اس معاہدے کے بعد 38 سالہ لیونل میسی نہ صرف 2026 کے فیفا ورلڈ کپ جو امریکا ، کینیڈا اور میکسیکو کی میزبانی میں ہوگا اور اس کے بعد بھی میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس ) میں بھی کھیلتے رہیں گے۔ لیونل میسی نے 2023 میں یورپی چیمپئن پیرس سینٹ جرمین چھوڑ کر انٹر میامی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

(جاری ہے)

وہ 2004 سے 2021 تک بارسلونا کے لیے بھی کھیلتے رہےہیں ، جہاں انہوں نے 10 بار لا لیگا اور 4 بار یورپین چیمپئنز لیگ جیتی۔

2022 میں میسی نے قطر ورلڈ کپ میں اپنی قومی ٹیم ارجنٹائن کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور اب ان کی خواہش ہے کہ 2026 میں ایک بار پھر ورلڈ کپ جیتا جائے۔میسی کو 2024 میں میجر لیگ سوکر کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، اور 2025 میں وہ میجر لیگ سوکر کی تاریخ میں سب سے تیزی سے 40 گول مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔اس معاہدے سے اندازہ ہوتا ہے کہ میسی اپنے شاندار کیریئر کا اختتام امریکا میں ہی کریں گے، جہاں شائقین کو مزید کئی یادگار لمحے دیکھنے کو ملیں گے۔\932